نئی دہلی: متنازعہ وقف ترمیمی بل کے تعلق سے تشکیل دی گئی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی نے ای میل اور تحریری خطوط کے ذریعہ ملک کے عوام سے تجاویز طلب کی تھیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 18ستمبر 2024ء تک کمیٹی وقف بورڈ ترمیمی بل 2024 پر 91,78,419 ای میل موصول ہوئے جبکہ کمیٹی کو تحریری خطوط کے ذریعہ تقریباً 30 لاکھ تجاویز ہوچکی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای میل اور تحریری خطوط کے دریعہ مجموعی طور پر کمیٹی کو وقف ترمیمی بل پر ایک کروڑ 20لاکھ سے زائد تجاویز موصول ہوئی ہیں ۔ اتنی بڑی تعداد میں تجاویز وصول ہونے کے بعد کمیٹی کے چیرمین جگدمبیکا پال نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی اور ان تجاویز کے مطالعہ اور رپورٹ کی تیاری کے لئے مزید افسران فراہم کرنے کی درخواست کی جس کے بعد 15 افسران اور ملازمین کو جے پی سی کی رپورٹ میں مدد کیلئے شامل کیا گیا ۔ ایک اور اطلاع کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی بار اب تک کسی معاملہ میں جے پی سی کو اتنی بڑی تعداد میں تجاویز وصول ہوئی ہیں ۔