وندے بھارت ایکسپریس ، دوسرے دن بھی پتھراؤ

   

ٹی ایم سی اوربی جے پی کے درمیان سیاست تیز۔ ممتا بنرجی کو دکھ ، اپوزیشن کا الزام

کولکاتہ : وندے بھارت ایکسپریس گزشتہ دودنوں میں دو مرتبہ پتھراؤ کے بعد بنگال میں سیاست تیز ہوگئی ہے ۔پہلے مالدہ اور منگل جلپائی گوڑی میں وندے بھارت ایکسرپس پر پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔بی جے پی کے قومی نائب صدر دلیپ گھوش نے اس واقعے کو جے شری رام کے نعرے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ کہیں یہ جے شری رام کے نعرے لگانے کا بدلہ تو نہیں ہے۔کشمیر میں بھی محب وطن شہریوں پر پتھراؤ کئے جاتے ہیں۔دلیپ گھوش نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس کا ایک کے ایک اسٹیشن پر لوگوں نے خیرمقدم کیا ، لوگوں میں جوش و خرو ش تھا مگر لگتا ہے کہ یہ مناظر دیکھ کر ممتا بنرجی کو دکھ ہوا ہے ،وہ لوگوں کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہتی ہیں اس لئے پتھراؤ کیا جارہا ہے ۔گھوش نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ریاست کے لوگوں کی بدنامی ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دیسی تکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ، ہم نے یہ سیمی بلٹ ٹرین بنائی ہے ۔کیا یہ ٹرین ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا نہیں کرے گی ۔کیا ہم دیگر ریاستوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہے ۔اس طرح کے واقعات سے بنگال کی بدنامی ہوئی ہے ۔بنگال حکومت کو اس پر ایکشن لینا چاہیے ۔مالدہ میں پتھراؤ کے بعد ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے ٹویٹر پر اس واقعہ کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے لکھاکہ یہ واقعہ افسوسناک ہے ۔ مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں ملک کا فخر بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ کیا گیا۔ کیا یہ افتتاح کے دن جئے شری رام کے نعروں کا بدلہ تو نہیں ہے ؟ میری وزیر اعظم اور وزیر ریلوے سے درخواست ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری این آئی اے کو دی جائے تاکہ مجرموں کو پکڑ کر سزا دی جا سکے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سوکانتا مجمدار نے بھی شوبھند کے لہجے میں یہی شکایت کی۔دوسری جانب ترنمول کانگریس نے بی جے پی پر سازش کرنے کا الزام لگایا ہے ۔پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے کہاکہ وندے بھارت ایکسپریس یا کسی ٹرین پر اس طرح پتھراؤ نہیں کیا جانا چاہیے ۔ سوال یہ ہے کہ یہ کس نے کیا؟ جو لوگ صبح سے ہی این آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں کہیں یہ ان کی سازش تو نہیں ہے تاکہ بنگال حکومت کو بدنام کیا جاسکے ۔