وندے بھارت ایکسپریس ٹرین غریب کیلئے نہیں: پونالہ لکشمیا

   

دونوں ریاستوں سے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ

حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ سکندرآباد تا وشاکھاپٹم نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین عام آدمی کیلئے دستیاب نہیں اور صرف دولتمند افراد ہی اس ٹرین میں سفر کرسکتے ہیں۔ نئی ٹرین کے آغاز پر تبصرہ کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہا کہ اگرچہ تہوار کے موقع پر سیاسی امور پر بات کرنا ٹھیک نہیں ہے لیکن وہ وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سے متعلق حقائق کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دو مرکزی وزراء اور گورنر کی جانب سے صرف ایک ٹرین کیلئے اس قدر بڑے پیمانے پر تشہیر کی کیا ضرورت تھی۔ وزیر اعظم نے نئی دہلی سے ورچول جھنڈی دکھاکر ٹرین کا آغاز کیا لیکن اس روٹ پر چلنے والی یہ پہلی ٹرین نہیں ہے۔ وندے بھارت ایکسپریس کے نام سے ملک میں تقریباً 17 ٹرینوں کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ ملک کی اٹھارویں ٹرین ہے۔ عوامی بھلائی کے پروگراموں کے بجائے نئے ناموں اور نئے نعروں سے ٹرین کا آغاز کیا گیا تاکہ بڑی تشہیر حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد پارلیمنٹ میں تنظیم جدید قانون کے تحت جو وعدے کئے گئے تھے ان کی 8 برسوں میں تکمیل نہیں کی گئی۔ مرکزی حکومت کو دونوں ریاستوں کے درمیان ٹرین کے آغاز سے زیادہ دونوں ریاستوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ر