ونڈے درجہ بندی میں کوہلی ،روہت اور بمراہ کی حکمرانی

   

دبئی۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما آئی سی سی کی تازہ جاری ونڈے درجہ بندی میں بیٹنگ کی سرفہرست دومقامات پر برقرار ہیں اوربولروں میں ہندوستان کے ہی جسپریت بمراہ اپنے نمبر ایک مقام پر ہیں۔ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف بنگلور میں تیسرا ونڈے جیتنے کے بعد تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے جس میں ویراٹ مین آف دی سریز تھے۔ روہت بنگلور میں فیصلہ کن میچ میں 119 رنز کی سنچری اننگز کھیل کر مین آف دی میچ بنے تھے۔ اس کے بعد جاری ونڈے درجہ بندی میں ہندوستانی کپتان وراٹ 886 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک ونڈے بیٹسمین ہیں جبکہ ٹیم کے نائب کپتان روہت 868 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ویراٹ کو دو درجہ بندی پوائنٹس کا جبکہ روہت کوتین پوائنٹس کا فائدہ پہنچا ہے۔ بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست 10 میں ہندوستان کا دیگر کوئی بیٹسمین نہیں ہے۔ تیسرے مقام پر پاکستان کے بابر اعظم، چوتھے نمبر پر جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسی اور پانچویں نمبر پر نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر ہیں۔ شکھر دھون کو بھی فائدہ پہنچا ہے جوسات مقامات کے فائدہ کے بعد 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اگرچہ وہ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے بنگلور میں کھیلنے نہیں اترے تھے۔ فیصلہ کن ونڈے میں دھون کی جگہ اوپننگ کیلئے اترے لوکیش راہول نے 21 مقامات کی چھلانگ لگائی ہے جو 50 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بولروں میں فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے چوٹ سے نجات حاصل کرنے کے بعد زبردست واپسی کی اور ونڈے درجہ بندی میں 764 نشانات کے ساتھ نمبر ون پر برقرار ہیں۔ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ہیں۔ افغانستان کے مجیب الرحمن تیسرے، جنوبی افریقہ کے کیگسو ربادا چوتھے نمبر پر پہنچے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے پیٹ کمنزتنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔ہندوستانی آل راونڈر رویندر جڈیجہ دو مقام کی بہتری کے ساتھ 27 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے سیریز میں چار وکٹ لئے تھے اور دو اننگز میں 45 رنز بھی بنائے۔