لاء کمیشن کی سفارشات مرکزی حکومت کو پیش، بہت جلد برسرعام کئے جانے کا امکان
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) ملک میں ون نیشن ون الیکشن کے تحت مرکزی حکومت نے لاء کمیشن کے ذریعہ ریاستوں اور لوک سبھا کے یکساں انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنا شروع کردیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لاء کمیشن نے مرکزی حکومت سے سفارش کی ہے کہ مئی۔ جون 2029 میں لوک سبھا اور تمام ریاستوں کے انتخابات یکساں طور پر منعقد کئے جائیں اور اس کے لئے ضروری دستوری ترمیم کی جائے۔ مرکزی حکومت کے باوثوق ذرائع نے لاء کمیشن کی سفارش کا انکشاف کیا ہے۔ سفارش کو قبول کرلیا جائے تو 2029 میں لوک سبھا کے 19 ویں عام انتخابات کے ساتھ ساتھ تمام ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لاء کمیشن کی سفارشات کو بہت جلد برسرعام کیا جائے گا۔ ملک بھر میں ون نیشن ون الیکشن تھیوری پر عمل آوری کیلئے بی جے پی حکومت سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی قیادت میں علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لاء کمیشن نے لوک سبھا اور اسمبلی کے ساتھ ساتھ پنچایت اور میونسپلٹیز کے انتخابات کیلئے بھی ایک ہی فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی سفارش کی ہے۔ نریندر مودی حکومت لاء کمیشن کی سفارشات کے بارے میں عنقریب یہ فیصلہ کرسکتی ہے تاہم لوک سبھا چناؤ کے جاریہ عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔1