سنٹرل الیکشن کمیشن کا نیا شیڈول جاری، دعوؤں و اعتراضات کیلئے 15 ڈسمبر تک مہلت، 22 ڈسمبر کو حتمی فہرست
حیدرآباد۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے تلنگانہ سمیت 7 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (SIR) کے عمل کی آخری تاریخوں میں ایک بار پھر توسیع کرتے ہوئے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن نے غیر حاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ اور ڈپلیکیٹ (ALDD) زمرے کے ووٹروں کی درستگی اور گنتی کے عمل کے لیے خصوصی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔اس کے علاوہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق ووٹر فہرستوں پر دعوؤں اور اعتراضات کے حل کی آخری تاریخ جو قبل ازیں 26 نومبر مقرر تھی، اب اسے بڑھا کر 15 دسمبر کر دی گئی ہے جبکہ حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت کی تاریخ کو 30 نومبر سے بڑھا کر 22 دسمبر کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن کے سکریٹری سندیپ کمار نے تلنگانہ سمیت متعلقہ ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز کو مکتوبات روانہ کر دیئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق (ALDD) ووٹروں کی گنتی کا عمل 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں گنتی کے لیے درکار فارموں کی تیاری اور چھپائی کا عمل چہارشنبہ (آج) تک مکمل کر لیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 18 سے 30 نومبر تک ریاست تلنگانہ میں گنتی کے فارموں کی تقسیم اور وصولی کا کام انجام دیا جائے گا اور تیسرے مرحلے میں 15 دسمبر تک نوٹسز، دعوؤں اور اعتراضات کی تصدیق کا مرحلہ جاری رکھا جائے گا جس کے بعد مقررہ تاریخ 22 ڈسمبر کو حتمی ووٹر فہرست شائع کر دی جائے گی۔