ووٹ بینک کی سیاست کیلئے سی اے اے کی مخالفت ‘ ممتا پر یوگی کا الزام

   

نودیپ (ندیا)، 25 اپریل (یو این آئی) چیف منسٹر اتر پردیش آدتیہ ناتھ نے مغربی بنگال دورہ کے دوران ترنمول کانگریس پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے سی اے اے کی مخالفت اس لیے کی کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اگر ہندوؤں کی تعداد بڑھ گئی تو سڑکوں پر افطار کیسے ہوگا؟ بنگال میں بدامنی کیلئے ترنمول کو ذمہ دار قرار دے کر انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ان لوگوں نے بی جے پی رہنماؤں اور امیدواروں پر حملہ کیا۔ ہر کسی نے ان کی غنڈہ گردی دیکھی ہے ۔ لیکن جب چار مئی کو نتائج آئیں گے تو ترنمول کے غنڈوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بنگال اب بدامنی برداشت نہیں کرے گا۔ یہ وقت بنگال کو اس لوٹ کے داغ سے آزاد کرنے کا ہے جو کانگریس، کمیونسٹوں اور ترنمول نے لگایا ہے ۔ بنگال کی عوام نے ڈبل انجن حکومت منتخب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جو دوگنی رفتار سے کام کرے گی۔آدتیہ ناتھ بی جے پی کے ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔