ناری شکتی کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر زور ۔ نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس سے وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نیتی آیوگ کی میٹنگ میں وکست بھارت 2047 کے ہدف کو ہر ریاست، ضلع، بلاک اور گاؤں کا اجتماعی عزم بنانے کی اپیل کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بڑی معیشتیں غیر یقینی صورتحال اور معاشی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہیں ، ہندوستان کی ترقی کی کہانی دنیا کو متاثر کر رہی ہے ۔ انہوں نے خود کفالت کے تئیں قوم کے عزم کو مستحکم کرنے پر زور دیا اور خاص طور پر قابل تجدید توانائی کے شعبے میں عالمی بہترین طریقوں کو اپنانے اور ان پر عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔تعاون پر مبنی وفاقیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وکست بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے مرکز اور ریاستوں کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وکست بھارت کا وژن ہر ریاست ، ضلع ، بلاک اور گاؤں کا اجتماعی عزم بننا چاہیے ۔نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں نیتی آیوگ کی 11 ویں گورننگ کونسل میٹنگ کی صدارت کی ۔ اس بار موضوع وکست بھارت @2047 کیلئے جامع انسانی ترقی’ تھا ۔ اس میں 28 ریاستوں اور 5 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف منسٹرس ، لیفٹیننٹ گورنر اور منتظمین نے شرکت کی ۔ یہ پہلا موقع تھا جب تمام 28 ریاستوں کے چیف منسٹر س نے نیتی آیوگ گورننگ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کی وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے نوجوان اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں ، جن میں 25 سال سے کم عمر کے تقریبا 70 کروڑ شہری ہیں ۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اسے تعلیم ، ہنر مندی اور صلاحیت سازی کے اقدامات سے ترقیاتی ڈیویڈنڈ میں تبدیل کرنے پر توجہ دیں جو نوجوانوں کو مستقبل کے مواقع اور چیلنجوں کیلئے تیار کرتے ہیں ۔کئی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے حالیہ تجارتی معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے ریاستوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ نوجوانوں اور ایم ایس ایم ایز کیلئے مواقع پیدا کریں اور اسٹیک ہولڈرز کو ان معاہدوں سے ہونے والے فوائد سے مؤثر طریقے سے فائدہ اٹھانے لیس کریں ۔ خواتین کی قیادت میں ترقی پر زور دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ لکھ پتی خواتین کی تعداد 3 کروڑ سے بڑھا کر 6 کروڑ کرنے کی سمت میں کام کریں اور ناری شکتی کیلئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔وزیر اعظم نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ اقدامات پر توجہ دیں اور اس کے ارد گرد برآمدات پر مبنی حکمت عملی تیار کریں ۔ وزیر اعظم نے احتیاطی اقدامات ، بیداری مہمات اور موثر حکمرانی کے ذریعے منشیات کے غلط استعمال اور سائبر فراڈ جیسے ابھرتے سماجی چیلنجوں سے نمٹنے مربوط کوششوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی ۔وزیر اعظم نے ال نینو کے خدشات کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی اور ریاستوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے تحفظ کو فروغ دیں اور قدرتی اور نامیاتی کاشتکاری کے طریقوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کو ایک موقع کے طور پر دیکھا جانا چاہیے اور لوگوں کو مستقبل کی معیشت کیلئے درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے مزید کوششوں پر زور دیا ۔ چیف منسٹرس ‘ لیفٹننٹ گورنرس نے وزیر اعظم مودی کو دفتر میں 12 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی ۔