وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو صدرٹرمپ معاف کرنے تیار

   

واشنگٹن،20فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو معافی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اسانج اگرکہہ دیں کہ روس نے ہلیری مہم کی ای میلز کا افشاء نہیں کیا تو انہیں معاف کر دیں گے ۔ خیال رہے برطانوی عدالت میں اسانج کی حوالگی کے لئے امریکی درخواست پر سماعت کا آغاز ہوگیا ہے ۔جولین اسانج کوامریکہ میں جاسوسی کی17 دفعات سمیت 18 الزامات کا سامنا ہے ، الزامات ثابت ہونے پر اسانج کو 175 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے ، ان پر تمام الزامات امریکہ کے سفارتی و دفاعی کیبلز سے متعلق ہیں۔امریکی انٹلیجنس کے مطابق روس نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے کمپیوٹر ہیک کئے تھے ۔ ڈی این سی کے کمپیوٹرز سے چرائی گئی ای میلز وکی لیکس پر جاری کی گئی تھیں۔اس اقدام سے ڈیموکریٹک امیدوار ہلاری کلنٹن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا تھا۔