نئی دہلی۔15 اکتوبر ۔ ( یو این آئی ) ریلوے کے وزیر، اشونی ویشنو نے چہارشنبہ کے روز یہاں بھارت منڈپم میں ریل ساز و سامان سے متعلق 16ویں بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کیا۔ تین دن تک جاری رہنے والی یہ نمائش ایشیا کی سب سے بڑی اور دنیا کی دوسری سب سے بڑی ریل نمائش ہے ۔ اس میں دنیا کے 15 سے زائد ممالک کی 400 سے زیادہ کمپنیاں اپنی جدید مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ اس موقع پر جدید ریل اور میٹرو مصنوعات، اختراعات اور پائیدار حل پیش کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ویشنو نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریلوے کی جدید کاری پر خاص توجہ دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریلوے ہر سال تقریباً 2 لاکھ 56 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے 11 برسوں میں تقریباً 35 ہزار کلومیٹر نئے ریل ٹریک بنائے گئے ہیں اور 46 ہزار کلومیٹر ٹریک کی برقی کاری کی گئی ہے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ریلوے ایک بڑے برآمدی مرکز کے طور پر بھی اُبھر رہی ہے اور حال ہی میں ہندوستان میں تیار کردہ انجن افریقہ کو برآمد کیا گیا ہے ۔