ویکسین، کورونا کو شکست دینے کاا ہم ذریعہ : وزیر صحت

   

ریاض ۔سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ کورونا کے مکمل خاتمے اور اسے ماضی کا حصہ بنانے کے لیے ویکسین اہم ترین ذریعہ ہے۔ میڈیا نے وزیر صحت کے ٹویٹ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ کورونا کے لیے تیار کی جانے والی فائزر بائیو این ٹک ویکسین کی مملکت میں منظوری تمام مراحل کے کامیاب تجربے کے بعد ہی دی گئی ہے۔ وزیر صحت نے مزید کہا ہے کہ ویکسین کی منظوری دیے جانے سے قبل سعودی ماہرین نے مکمل طور پراپنا اطمینان کیا، ویکسین ہی کورونا کے خاتمے اور اسے ماضی کا حصہ بنانے کے لیے انتہائی اہم ذریعہ ثابت ہو گی ۔یاد رہے وزیر صحت ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے سب سے پہلے خود کورونا ویکسین لگوائی تھی جس کے ساتھ ہی اس مہم کا آغازکیا گیا۔ واضح رہے سعودی عرب میں کورونا ویکسین لگانے کے لئے ریاض کے مرکز سے آغازکیا گیا دوسرے مرحلے میں جمعرات 24 دسمبر کو جدہ سے ویکسینیشن کا آغاز کرتے ہوئے رجسٹر کئے گئے افراد کو ان کی باری کے مطابق ویکسین لگائی گئی۔ دوسری جانب وزارت صحت کے ٹوئٹر پر ویکسین کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ویکسین ہر طرح سے محفوظ ہے جو افراد اس کے بارے میں غلط اندازے پیش کر رہے ہیں ان کے پاس کوئی سائنسی دلیل نہیں۔ وزارت صحت نے کہا کہ ویکسین کے بارے اہم معلومات مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کی جائیں۔ اس بارے میں وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد معمولی سر میں درد اور ہلکا بخار ہو سکتا ہے جو ایک عام بات ہے۔