!ویکسین لگاتے وقت انجکشن کی سوئی ٹوٹ گئی

,

   

محکمہ صحت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں نوجوان کا ہاتھ اور ایک پیر معطل
للت پور؍لکھنو : یوپی کے للت پور میں محکمہ صحت کی بڑی غفلت سامنے عیاں ہوگئی۔ یہاں ایک نوجوان کے بازو میں کورونا ویکسین لیتے وقت سوئی ٹوٹ گئی، اس کی وجہ سے نوجوان کی حالت بگڑ گئی۔ ناقابل برداشت درد کی وجہ سے نو دن کے بعد ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹر نے اس کا آپریشن کرکے سوئی نکالی ، لیکن متآثرہ نوجوان کا دائیں ہاتھ اور ٹانگ معطل ہو گئی۔اسے میڈیکل کالج جھانسی ریفر کیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ 22 سالہ اندریش نے 9 ستمبر کو گاؤں کے ہی ایک اسکول میں منعقدہ کیمپ میں کووڈ ویکسین لگوائی تھی۔الزام یہ ہے کہ ویکسین لگانے کے بعد ہاتھ میں چھالے کے ساتھ بخار بھی آیا۔ نجی ڈاکٹر سے علاج کرانے کے بعد بھی حالت بہتر نہیں ہوئی۔اس نے بتایا کہ آہستہ آہستہ ہاتھ اس کا ہاتھ اور ایک ٹانگ معطل ہونے لگا ، پھر 13 ستمبر کو اس نے اسے ضلع اسپتال کے سینئر ڈاکٹر کو دکھایا۔ جب ڈاکٹر نے مریض کا معائنہ کیا ،تو پتہ چلاکہ اس کے بازو میں سوئی چبھوئی ہوئی ہے۔حتیٰ کہ سی ٹی اسکین میں بھی سوئی بازو میں پائی گئی۔سی ٹی سکین اور ایکسرے کی رپورٹ آنے کے بعد سرجن نے 18 ستمبر کو مریض کے بازو میں چبھی سوئی کو ہٹا یا۔ایک گھنٹے کے آپریشن کے بعد مریض کو سکون تو مل گیا ، لیکن اس کا دایاں ہاتھ اور ایک ٹانگ معطل ہوگئی۔ ڈاکٹروں نے اسے میڈیکل کالج جھانسی ریفر کر دیا ہے۔