وی ہنمنت راؤ کورونا سے متاثر، اپولو میں زیر علاج

   

حیدرآباد۔ کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ کو کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد علاج کیلئے اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ تلنگانہ میں سیاسی قائدین اور عوامی نمائندوں میںکورونا پازیٹیو کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی کے بعد سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کورونا سے متاثر ہوئے ۔ گذشتہ تین دن سے مسلسل بخار کے بعد ڈاکٹرس نے ان کا کورونا ٹسٹ کروایا جو پازیٹیو نکلا۔ انہیں علاج کیلئے اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت اطمینان بخش بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔ گذشتہ دنوں ٹی آر ایس کے 3 ارکان اسمبلی اور بی جے پی کے ایک سابق رکن اسمبلی کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے جن کا مختلف خانگی ہاسپٹلس میں علاج جاری ہے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ان کے افراد خاندان بھی کورونا سے متاثر ہوئے۔ سیاسی قائدین میں کورونا کیسس کے بعد عوامی نمائندوں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر عوام کے درمیان جانے سے احتیاط کا فیصلہ کیا ہے۔