ٹاسک فورس کا نقلی سب انسپکٹر گرفتارجعلی شناختی کارڈ اور اشیاء ضبط

   

حیدرآباد ۔ /7 اگسٹ (سیاست نیوز) پولیس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے ایک دھوکہ باز کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے جعلی شناختی کارڈ ، واکی ٹاکی ، نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط کرلئے ۔ پولیس کے بموجب 43 سالہ سید تنویر حسین ساکن حسینی علم پرتعش زندگی کا عادی ہے اور آمدنی مناسب نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے ڈرائیور اور سکیورٹی آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کرچکا ہے ۔ 2014 ء میں تنویر حسین نے ہوم گارڈ کی نوکری کیلئے درخواست داخل کی تھی لیکن وہ ناکام رہا ۔ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے تنویر حسین نے خود کو ٹاسک فورس کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر ظاہر کرتے ہوئے ایک شناختی کارڈ تیار کیا اور مختلف اوقات پر اس نے خود کو ایک صحافی اور انٹرنیشنل ہیومن رائیٹ اسوسی ایشن کا صدر ہونے کا بھی دعویٰ کیا ۔ اس شاطر دھوکہ باز کے خلاف حیدرآباد و سائبر آباد میں دھوکہ دہی کے 5 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ سکیورٹی آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کے دوران اس نے پولیس عہدیدار کے کام کاج کی تفصیلات حاصل کئے اور اس کی نقل کرتے ہوئے خود کو پولیس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے لگا ۔ تنویر حسین نے محکمہ پولیس کا جعلی شناختی کارڈ تیار کیا اور عوام کو یقین دلانے کیلئے اس نے واکی ٹاکی (وائرلیس سیٹ) بھی حاصل کیا ۔