پٹہ۔ 25 ۔اگست ( سیاست ڈاٹ کام) غیر قانونی اے کے -47 رائفل اور گرینیڈ برآمدگی معاملے میں دہلی کے ساکیت کورٹ میں خودسپردگی کر چکے بہار میں موکاما سے آزاد رکن اسمبلی اننت سنگھ کو آج سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان پولیس ٹرانزٹ ریمانڈ پر لے کر پٹنہ پہنچی، جہاں سے پیشی کیلئے انہیں باڑ لے جایا گیا ۔ ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ لپی سنگھ کی قیادت میں دہلی گئی ٹیم رکن اسمبلی مسٹر سنگھ کو لے کر ہوائی جہاز سے پٹنہ کے جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈہ پہنچی ۔ اس کے بعد انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اسٹیٹ ہینگر دو کے گیٹ سے باہر نکالا گیا اور اسکارپیو سے لے کر پٹنہ پولیس کی خصوصی ٹیم باڑ کے لئے بذریعہ سڑک روانہ ہو گئی ۔ اس دوران عام لوگوں کا داخلہ ہوائی اڈہ احاطے میں روک دیا گیا، صرف ہوائی جہاز مسافروں کو ہی خاص تلاشی کے بعد جانے دیا جا رہا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ رکن اسمبلی اننت سنگھ کو باڑ لے جانے کے لئے میں پٹنہ سے تقریبا 40 کلومیٹر کے سفر کے دوران قومی شاہراہ -30 کے چپے چپے پر پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ اس دوران مشتبہ افراد پر خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ رکن اسمبلی کو آج دوپہر باڑکورٹ میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔پولیس نے اس سال 16 اگست کو باڑا بلاک کے لدما گاؤں میں واقع رکن اسمبلی مسٹر سنگھ کے آبائی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے ایک اے کے -47 رائفل اور دو ہنڈگرینیڈ برآمد کئے گئے تھے ۔ اس معاملے میں رکن اسمبلی مسٹر سنگھ مفرور تھے ۔ پٹنہ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کے لئے کئی ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے ۔ دریں اثنا رکن اسمبلی نے بہار کی پولیس سے جان کو خطرہ بتایا تھا۔ ہتھیار برآمدگی معاملے میں فرار چل رہے رکن اسمبلی نے نئی دہلی کے ساکیت کورٹ میں 23 اگست کو خودسپردگی کر دی ، جس کے بعد انہیں تہاڑ جیل میں رکھا گیا تھا ۔ پٹنہ سے گئی پولیس کی خصوصی ٹیم نے ہفتہ کے روز 24 اگست کو ساکیت کورٹ میں چار دنوں کی ٹرانزٹ ریمانڈ کی عرضی دی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ 48 گھنٹے کے اندر مسٹر سنگھ کو باڑ کی عدالت میں پیش کیا جائے ۔ مسٹر سنگھ کو پٹنہ سے دہلی لانے گئی پولیس ٹیم کی قیادت باڑ کی ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ لپی سنگھ نے کی ۔ رکن اسمبلی مسٹر سنگھ نے جمعہ کی رات تہاڑ جیل میں گذاری ۔ عدالت نے رکن اسمبلی کو پیر دوپہر تک باڑ کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔