واشنگٹن : ٹائم میگزین نے 2024 کا ’پرسن آف دی ایئر‘ نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو قرار دیدیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹائم میگزین کی جانب سے پرسن آف دی ایئر 2024 کا اعلان کردیا گیا، میگزین نے نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کو سال 2024 کا پرسن آف دی ایئر قرار دیا ہے ۔ اس سال ٹائم میگزین کیلئے شارٹ لسٹ کیے گئے افراد میں موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام، اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو، روسی ماہر اقتصادیات یولیا نوالنایا اور حزب اختلاف کے آنجہانی قائد الیکسی ناوالنی کی بیوہ شامل تھے ۔ ٹائم میگزین پرسن آف دی ایئر کا اعلان نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ کیا جس میں ٹرمپ مخصوص سرخ ٹائی اور ایک فکر انگیز انداز میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ میگزین کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز نے وضاحت کی کہ تاریخی واپسی، غیر معمولی طور پر سیاسی تبدیلی اور دنیا میں امریکہ کے کردار کو تبدیل کرنے کیلئے ٹرمپ کو 2024 کیلئے سال کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ ٹرمپ نے 2013 میں میگزین کی جانب سے جاری کی جانے والی بااثر افراد کی فہرست کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سلسلہ جلد ہی ختم ہوجائے گا۔ تاہم جب 2016 میں خود ٹرمپ کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا تو ٹرمپ نے اسے اپنے لیے بڑا اعزاز قرر دیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بہت اہم میگزین ہے ۔