ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کردئے ‘ ایران نے بھی کی توثیق

,

   

اب عمل آوری کا وقت ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کا بیان ۔ آج جنیوا میں ملاقا ت برقرار ۔ قطعی معاہدہ کیلئے 60 دن کی مہلت

پیرس 18 جون ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کردئے ہیں جس کے ذریعہ مشرق وسطی میں جاری تنازعہ کو ختم کیا جانا ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے فرانس میں جی 7 چوٹی کانفرنس کے دوران فرانس کے صدر ایمانیول میکران کے ساتھ عشائیہ کے دوران اس معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ فرانس کے صدر میکران نے سوشیل میڈیا میں پوسٹ کیا کہ صدر ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے مابین معاہدہ پر دستخط کردئے ہیں۔ اس سے علاقہ میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی اور آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست سمت میں صحیح قدم ہے اور اس کے نتیجہ میں عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں کمی آئے گی ۔ ایران نے بھی توثیق کردی کہ اس نے بھی اس معاہدہ پر دستخط کردئے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسمعیل بقائی نے کہا کہ اسلام آباد یادداشت مفاہمت کا متن دونوں ممالک کے صدور کی دستخط سے قطعیت پاگیا ہے ۔ اب وقت ہے کہ اس معاہدہ پر عمل کو یقینی بنایا جائے ۔ اس معاہدہ پر دستخط کی رسمی تقریب جمعہ کو سوئیٹزر لینڈ میں ہونے والی تھی تاہم اس پر قبل از وقت ہی دستخط کردئے گئے ہیں۔ ایران نے کہا کہ جنیوا میں جمعہ کو دونوں ممالک کا اجلاس ضرور منعقد ہوگا اور اس میں تکنیکی امور پر بات چیت ہوگی ۔ اب چونکہ امریکہ اور ایران کے مابین معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں ایسے میں اب دونوں ملکوں کے پاس 60 دن کا وقت ہے کہ وہ قطعی معاہدہ کی تفصیلات کو طئے کریں۔ امریکی عہدیداروں کی جانب سے ایک کانفرنس کال میں اس معاہدہ کا متن جاری کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ معاہدہ کے متن کے تعلق سے شفافیت نہ ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے تنقیدیں کی جا رہی تھیں جس کے بعد متن کو جاری کردیا گیا تھا ۔ اس یادداشت مفاہمت کو اسلام آباد یادداشت مفاہمت کا نام دیا گیا ہے جو امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین ہے ۔ اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ لبنان کے بشمول تمام محاذوں پر فورجی کارروائی کو فوری اور مستقل طور پر روکا جائیگا ۔ معاہدہ کے تحت امریکہ نے ایران کے بحری محاصرہ کو 30 دن میں ختم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اس مدت کے دوران بحری جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ سے پہلے کی سطح تک بحال کیا جائے گا ۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کے حدود سے اپنی افواج کا 30 دن میں تخلیہ کردیگا ۔
شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ
اسلام آباد18 جون (یو این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ ہوگیا ۔ میڈیا کے مطابق شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ اس لئے کیا گیا کیونکہ اسلام آباد میمورنڈم آف انڈراسٹینڈنگ پر دستخط ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد معاہدہ پر فریقین اور ثالث دستخط کرچکے ہیں ۔ شہباز شریف نے تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ پر بطور ثالث دستخط کر دئے ہیں۔اس پر امریکی اور ایرانی صدر کے دستخط موجود ہیں۔دوسری جانب سوئس حکومت کا کہنا تھا ایران اور امریکہ کے مابین مذاکرات 19 جون کو ہوں گے