جیرڈ کشنر کی ایرانی حکام سے متعدد ملاقاتوں کی تصدیق
واشنگٹن :26 نومبر ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایران کے ساتھ جاری تنازعہ کے دوران ایرانی نمائندوں سے متعدد مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں۔’ایم ڈی میٹس‘ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جیرڈ کشنر نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کی صورت حال پر گہری توجہ دے رہے ہیں اور انہوں نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔کشنر کے مطابق ٹرمپ ایران کے معاملے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختلف امکانات پر غور کر رہی ہے۔انہوں نے ایران کے معاملے پر یورپی ممالک کے ردعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کشنر کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک امریکہ سے بہت زیادہ توقعات رکھتے ہیں، تاہم ایران کے معاملے پر ان کا طرزِعمل متاثر کن نہیں رہا۔جیرڈ کشنر نے مزید بتایا کہ وہ ایران سے متعلق تنازعہ کے معاملے پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں کام کر رہے تھے۔کشنر کی جانب سے ایرانی نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کی تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن نے ایران کے حوالے سے اپنے تمام آپشنز کھلے رکھنے کا اشارہ دیا ہے۔