نیویارک : امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سابق وکیل مائیکل کوہن کے خلاف 50 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔مائیکل کوہن ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگی کے ایک مقدمہ میں اہم گواہ ہیں۔ اس مقدمے میں مین ہیٹن کی گرینڈ جیوری نے گزشتہ ہفتے ٹرمپ پر 34 الزامات عائد کیے تھے۔ٹرمپ نے چہارشنبہ کو میامی کی وفاقی عدالت میں دائر درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ مائیکل کوہن ان کی خفیہ بات چیت کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ ٹرمپ سے متعلق جھوٹ کتابی شکل میں لاکر اور پوڈ کاڈ کی صورت میں پھیلا کر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔واضح رہے کہ مائیکل کوہن ڈونالڈ ٹرمپ کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو تھے جو بعدازاں 2017 میں ٹرمپ کے امریکہ کا صدر بننے کے بعد ان کے وکیل مقرر ہو گئے تھے۔مائیکل کوہن کے خلاف ٹرمپ کے ہرجانے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوہن نے 2020 میں شائع ہونے والی کتاب ‘ڈس لوئل’ میں ٹرمپ کو نسل پرست قرار دیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ کتاب میں انہوں نے ٹرمپ سے ہونے والی بات چیت کو من گھڑت طریقے سے پیش کیا۔