ٹرمپ نے پھر ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا راگ الاپا

   

نیویارک: امریکی صدارت کیلئے ریپبلکن پارٹی کے نامزد امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کے حریف ایران کے خاتمہ کا موضوع چھیڑ دیا ہے۔ جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کا وہی آگ برساتا انداز دوبارہ سے دیکھنے میں آیا جس پر وہ اپنی مدت صدارت میں اعتماد کیا کرتے تھے۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل نیٹ ورک پر لکھا اگر انھوں نے صدر ٹرمپ کو قتل کر دیا اور یہ امکان ہمیشہ رہتا ہے، تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکہ … ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو امریکی قیادت کو بزدل اور شجاعت سے خالی شمار کیا جائے گا۔ٹرمپ کی اس پوسٹ میں کانگریس میں اسرائیلی وزیر بنجامین نیتن یاہو کے خطاب کا وڈیو کلپ بھی منسلک کیا گیا ہے۔ اس میں نیتن یاہو نے ٹرمپ کو نشانہ بنانے والے منصوبے کے بارے میں دعویٰ کیا کہ یہ ایران کا تھا۔گذشتہ ہفتے امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ سیکرٹ سروس کے اداروں نے حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ کیلئے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں۔ یہ پیشرفت سابق صدر کے قتل کیلئے ایرانی منصوبے کے خطرے کا انکشاف ہونے کے بعد سامنے آئی۔ البتہ یہ بھی باور کرایا گیا ہیکہ مذکورہ منصوبے کا ٹرمپ پر ہونے والے حالیہ قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔واشنگٹن اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات اپنی انتہا کو پہنچ گئے کیوں کہ تہران پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی 2020 میں ہلاکت کا انتقام لینے کی کوششوں میں ہے۔ سلیمانی کو ٹرمپ کے حکم پر ہلاک کیا گیا جو اس وقت امریکہ کے صدر تھے۔ٹرمپ کی تازہ پوسٹ نے لوگوں کو 2019 میں ان کی دھمکی کی یاد دلا دی ہے جب کرسی صدارت پر براجمان ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر تہران نے کسی بھی امریکی چیز پر حملہ کیا تو وہ ایران کو مٹا ڈالیں گے۔