ٹرک ڈرائیورس اسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

   

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے تیقن کے بعد اقدام
نئی دہلی : ٹرک ڈرائیورس اسوسی ایشن نے اپنے نمائندوں اور مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے درمیان آج ایک میٹنگ کے بعد اپنی ہڑتال ختم کردی۔ ٹی وی نیوز چیانلوں نے بتایا کہ منگل کو اسوسی ایشن کے نمائندوں اور مرکزی حکومت کے عہدیداروں کے درمیان ہڑتال کے اسباب پر بات ہوئی۔ احتجاجی اسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ نیا ہٹ اینڈ رن قانون ان کی ہڑتال کا بنیادی سبب ہے۔ حکومت نے کہا کہ ڈرائیوروں کی جانب سے غفلت برتنے سے متعلق نئے قاعدہ پر ابھی عمل نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت نے آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کے ارکان کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جو اس ایجی ٹیشن کی قیادت کر رہی ہے ۔ مرکزی معتمد داخلہ اجئے بھلا نے کہا کہ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کے نمائندوں کے ساتھ ہماری بات چیت ہوئی، حکومت نے واضح کیا کہ نئے قانون پر ابھی عمل آوری شروع نہیں ہوئی ہے۔ ہم بتادینا چاہتے ہیں کہ بھارتیہ نیائے سنہیتا 106/2 پر عمل آوری سے قبل ہم ٹرانسپورٹ کانگریس کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ ٹرکرس باڈی کے صدر امرت لال مدن نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے نیا ہٹ اینڈ رن قانون روک دینے سے اتفاق کیا ، جس کے سبب ہمیں ہڑتال شروع کرنی پڑی تھی۔ گزشتہ روز دوشنبہ کو ملک کے مختلف حصوں میں ہڑتال شروع ہوئی اور خاص طور پر مہاراشٹرا میں اس کا کافی اثر دیکھا گیا ہے۔