ٹرین کے ذریعہ سونا اسمگلنگ کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو افراد گرفتار ، برما سے اسمگل کردہ سونا ضبط
حیدرآباد ۔ /9 جنوری (سیاست نیوز) ڈائرکٹور یٹ ریونیو انٹلیجنس (ڈی آر آئی) عہدیداروں نے ٹرین کے ذریعہ سونا اسمگلنگ کئے جانے والے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 3314 گرام سے زائد برما سے اسمگل شدہ سونا برآمد کرلیا ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب ڈی آر آئی حکام نے خفیہ اطلاع ملنے پر گوہاٹی تا سکندرآباد آنے والی سکندرآباد ایکسپریس میں وشاکھاپٹنم کے قریب ریلوے پاسنجرس کی تلاشی لی جس میں دو افراد کی جھڑتی لینے پر ان کے بنیان سے 3314 گرام سونا برآمد کرلیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ تفتیش کے دوران گرفتار افراد نے یہ انکشاف کیا کہ پڑوسی ملک میانمار سے یہ سونے کی اسمگلنگ کی گئی تھی جس کی قیمت ایک کروڑ 8 لاکھ بتائی جاتی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار افراد کی تفتیش جاری ہے اور اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ میانمار سے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جاسکے ۔