ٹریڈ انوسٹمنٹ کے نام دھوکہ دہی کا پردہ فاش

   

شاطر عادی مجرم گرفتار، سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 6 جنوری (سیاست نیوز) ٹریڈ انوسٹمنٹ کے نام پر دھوکہ دہی کے ایک ریاکٹ کا سائبرکرائم پولیس نے پردہ فاش کردیا اور ایک شاطر عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔ سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر کے سرینواس ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 35 سالہ رونق تنہاساکن ناگپور متوطن واسکوڈیگاما کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس نے ایک خاتون کو سرمایہ کے نام پر بھاری منافع کا لالچ دیکر کروڑہا روپئے لوٹ لئے۔ سائبر کرائم حیدرآباد نے ایک شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اس خطرناک ریاکٹ کا پردہ فاش کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یونیٹی اسٹاکس کے نام پر سرمایہ حاصل کیا جارہا تھا۔ اس اسٹاکس کے نام پر فرضی تفصیلات اور نقلی شیرس کے ذریعہ سرمایہ داروں کو راغب کرتے ہوئے ان سے بڑے پیمانے پر سرمایہ حاصل کیا جانے لگا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رونق تنہا ملک کے مختلف ریاستوں میں وارداتیں انجام دے چکا ہے اور تازہ واقعہ میں اس نے ایک خاتون کو اپنی جعلسازی کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے ذریعہ پہلے سرمایہ کروایا گیا اور پھر خاتون کو ریٹرن منافع دیا گیا جس کے ذریعہ خاتون کو یقین دلایا گیا۔ اس خاتون نے زائد منافع کے لالچ میں اپنی مورثی جائیداد کو فروخت کردیا اور تقریباً 3 کروڑ 16 لاکھ روپئے سرمایہ کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ آن لائن رہن کے ذریعہ پولیس کارروائی سے بچنے کی مکمل کوشش کی جاتی ہے۔ رونق دیگر افراد کے ذریعہ بنک اکاؤنٹس خریدا کرتا ہے اور ان بنک اکاؤنٹس میں سرمایہ کی رقم کو منگوایا جاتا ہے اور ساری کارروائی دوبئی سے چلائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوگی اور ارجن نامی خاطیوں کے ذریعہ (95) بنک اکاؤنٹس دوبئی روانہ کئے گئے۔ ان دونوں کے خلاف ملک بھر میں (83) مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے رونق تنہا کے قبضہ سے 2 لیاب ٹاپ، 6 موبائیل فون، 5 چیک بکس، 6 سم کارڈز اور 15 ڈیبٹ کارڈز کو ضبط کرلیا۔ 30 فیصد ریٹرن کے نام پر دھوکہ دہی کی گئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں دو خواتین جدیش گونسالو سے اور ثنا قریشی کو نوٹس روانہ کیا ہے۔ع