ٹماٹر اور چکن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ

   

80 تا 90 روپئے فی کیلو ٹماٹر ، 310 تا 320 روپئے فی کیلو چکن
حیدرآباد ۔ 16مئی ( سیاست نیوز) غریب و متوسط طبقات کے گھرانوں میں روز اور ہفتہ میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والے ٹماٹر اور چکن کی قیمتو ں میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ مہنگائی سے عوام کا پہلے ہی برا حال ہے ۔ پٹرول ، ڈیزل ، اشیاء ضروریہ ، ترکاری کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس پر زیادہ تر غریب لوگ ٹماٹر کا استعمال کرتے ہیں اور ہفتہ میں ایک مرتبہ تعطیل کے دن اتوار کو زیادہ تر چکن کا استعمال ہوتا ہے ۔ اب بھی غریبوں کے دسترس سے یہ بھی دور ہورہے ہیں ۔ مارکٹ میں 80 تا 90 روپئے فی کیلو ٹماٹر فروخت ہورہا ہے تو چکن 310 تا 320 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ موسم گرما کے باعث تلنگانہ میں ٹماٹر کی بہت کم کاشت ہورہی ہے ۔ شہر کی ہول سیل مارکٹ میں روزآنہ 9ہزار باکس 2.25 لاکھ کیلو ٹماٹر آیا کرتا تھا ۔ فی الحال 3 ہزار ٹماٹر کے باکس یعنی 75ہزار کیلو ٹماٹر پہنچ رہا ہے ۔ ٹماٹر کی طلب میں اضافہ اور سپلائی میں کمی کے باعث 15 تا 20 کیلو روپئے میں فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت 80 تا 90 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے ۔ عہدیدارو ں نے بتایا کہ ضلع نظام آباد کے انکاپور سے صرف 30 فیصد ٹماٹر آرہا ہے ۔ 70فیصد ٹماٹر راجستھان کے جودھپور ، مہاراشٹرا کے ناندیڑ سے آرہا ہے جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ پانچ ماہ قبل فی کیلو چکن کی قیمت 80 تا 120 روپئے کے درمیان تھی اب اچانک 300 روپئے کو عبور کرچکی ہے ۔ بون لیس چکن کی قیمت 500 روپئے کیلو ہوگئی ہے جو غریب عوام کی پہنچ سے کافی دور ہوگئی ہے ۔ موسم گرما کا پولٹری انڈسٹری پر بہت زیادہ اثر پڑا ہے ۔ ساتھ ہی مرغیوں کے کھلائے جانے والے دانہ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ن