ٹولی چوکی میں ایک شخص کا قتل

   

حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) گولکنڈہ علاقہ میں کل رات دیر گئے ایک واردات پیش آئی جس میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانی مخاصمت کے نتیجہ میں یہ قتل ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 50 سالہ سید جیلانی ساکن ندیم کالونی ٹولی چوکی کو شیخ عمران اور اس کے ساتھیوں نے قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کی بیوی فرزانہ بیگم نے اپنی شکایت میں بتایا کہ شیخ سلمان جو مقتول کا داماد تھا کے قتل میں ملوث ہونے کے نتیجہ میں مخاصمت چل رہی تھی۔ موقع دیکھ کر شیخ عمران نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے محبوب گارڈن فنکشن ہال کے قریب سید جیلانی کا کل رات چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا اور اس نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ اس بات کا پتہ چلنے پر گولکنڈہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور کلوز ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی مقام واردات پر طلب کرلیا گیا۔ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا جبکہ شیخ عمران اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔B