ٹوکیو اولمپکس کا 23 جولائی کو آغاز

   

ٹوکیو۔ جاپان نے اولمپکس 2021 کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ایسے حالات نہیں ہیں کہ اولمپکس گیمز دوبارہ منسوخ کی جائیں۔ خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ٹوکیوکی گورنر یوریکو کوئیکے نے خبردارکیا کہ اولمپکس دوبارہ منسوخ ہونے سے دیگر بین الاقوامی کھیلوں کا مستقبل بھی متاثر ہوگا جن میں بیجنگ میں ہونے والی ونٹرگیمز 2022 اور پیرس کی سمرگیمز 2024 شامل ہیں۔یاد رہے کہ اولمپکس جولائی2020 میں جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونا تھے جوکورونا کی عالمی وبا کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپکس گیمز منسوخ کی گئی تھیں جو جولائی 2021 میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گورنر یوریکو کوئیکے نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات کے باعث جاپان کے شہریوں کی اکثریت کھیلوں کی میزبانی کرنے کی مخالف ہے تاہم حکومت مستقبل کے حالات کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوکیو میں اتنی بڑی سطح پرکھیل منعقد ہونے سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ انسانیت نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد بیجنگ ونٹرگیمز اور پیرس گیمز منعقد ہونے کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔نئے شیڈول کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک اولمپکس گیمز منعقد ہوں گی۔جون میں جاپانی حکام اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ گیمز دوبارہ ملتوی کرنا ممکن نہیں ہوگا، ایک برس کی تاخیر سے بھاری مالی نقصان ہو چکا ہے۔