ٹک ٹاک کی ویڈیوز بناتے ہوئے زائد رقم کمانے کے خواہشمند لاپتہ لڑکے دستیاب

   

حیدرآباد ۔ ٹک ٹاک کی ویڈیوز بناتے ہوئے زائد رقم کمانے کے خواہشمند لاپتہ لڑکوں کا پولیس نے پتہ چلالیا۔یہ واقعہ اے پی کے مشرقی گوداوری ضلع میں پیش آیا۔کاکناڈا کے ناگارماں گاوں کے رہنے والے یہ پانچ لڑکے اپنے گھروں سے لاپتہ ہوگئے تھے جس کی شکایت ان کے والدین نے پولیس سے کی۔ان میں تین دسویں جماعت کے طلبا تھے جبکہ دیگر دو انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکام رہے تھے ۔ان لڑکوں میں سے ایک نے ایک نوٹ چھوڑتے ہوئے اس کے والدین سے خواہش کی تھی کہ وہ ان کو تلاش نہ کرے ۔وہ چند سال بعد اپنے گھر واپس ہوجائیں گے ۔ان کی گمشدگی پر ان کے پریشان والدین نے پولیس سے شکایت کی تھی۔ اس معاملہ کی جانچ کے دوران پتہ چلا کہ یہ لڑکے پہاڑی علاقوں میں جاکر اپنے ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہوئے ان کو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر اپ لوڈ کرنا چاہتے تھے تاکہ آسانی کے ساتھ رقم کمائی جاسکے ۔