حیدرآباد: تلنگانہ ٹیچرس کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو 9 مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی ہے۔ چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ریاستی سطح پر محکمہ پنچایت راج کے تحت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو گزشتہ پانچ سال سے ترقی نہیں دی گئی ۔ متحدہ اضلاع کے اعتبار سے سینیاریٹی کی اساس پر ضلع اور بین ضلعی سطح پر اساتذہ کے تبادلوں کے اقدامات کئے جائیں ۔ حکومت نے جی او 15 جاری کیا جس کے تحت اپ گریڈ کئے جانے والے 10497 لینگویج پنڈتوں اور پی ای ٹی کی جائیدادوں پر ترقی دی جائے۔ 2003 جی ایس ٹی کے ذریعہ تقرر والے اساتذہ کو قدیم طریقہ کے تحت ٹینشن کی فراہمی پر عمل کیا جائے۔ اسوسی ایشن نے ماڈل اسکول کے اساتذہ کے تبادلوں کی سفارش کی ۔ امدادی اسکولس ، ماڈل اسکولس اور کے جی بی وی اسکولس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ہیلت کارڈ جاری کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے یادداشت پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔