ٹیچرس کے تبادلے‘ درخواستیں داخل کرنے کی آج آخری تاریخ

   

حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں ٹیچرس کے تبادلوں کا عمل جاری ہے۔ تاحال 60 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں یکم فروری تک توسیع دی گئی ہے۔ اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ مزید درخواستیں وصول ہوں گی۔ ٹیچرس کے تبادلوں کا عمل 28 جنوری سے شروع ہوا ہے۔ آن لائن درخواستیں داخل کرنے کے دوران پہلے دن تکنیکی مسائل پیدا ہوئے، بالخصوص سافٹ ویر کی مشکلات کے باعث ٹیچرس کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چند آپشنس اوپن نہیں ہوئے اور چند اپ گریڈس نہیں ہوئے۔ دور دراز علاقوں میں نیٹ ورک کے مسائل پیش آنے کی شکایتیں وصول ہونے کے بعد ٹیچرس تنظیموں کی جانب سے تبادلوں کے لئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع دینے کا حکومت پر دباؤ بنایا گیا جس کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کے بعد درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں یکم فروری تک توسیع دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تاحال تبادلوں کے لئے 60 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے ٹیچرس جوڑے یعنی میاں بیوی کو ایک ہی مقام پر تبادلے کرنے کی منظوری دی ہے۔ (ایس بی ٹی) جوڑے کی درخوستوں پر آخر میں غور کرنے کے امکانات ہیں۔ جی او 317 کے تحت مختلف مقامات پر کام کرنے والے ٹیچرس کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہے جن میں 615 اسکول اسسٹنٹس کو تبادلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔