ٹیکہ لینے والی پہلی مشہور ہندوستانی شخصیت شلپا کورونا سے متاثر

   

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ شلپا شروڈکر جنہوں نے فلم ’’ ہم ‘‘ ۔’’ خدا گواہ ‘‘ اور ’’ آنکھیں ‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے ، وہ کورونا سے متاثر ہوئی ہیں ۔ 90کے دہے کی مقبول اداکارہ شلپا نے انسٹاگرام کے ذریعہ یہ اطلاع دی ہے کہ انہوں نے چار دن قبل اپنا کورونا معائنہ کروایا تھا جس کی رپورٹ آئی ہے اور وہ کورونا سے متاثر ہوگئی ہیں ۔ شلپا وہ پہلی ہندوستانی مشہور شخصیت ہیں جنہوں نے کورونا کی ویکسین لی ہے ۔ شلپا جو فی الحال اپنے افراد خاندان کے ساتھ دبئی میں موجود ہیں انہوں نے رواں برس جنوری میں ’’سینوپ ہارم ‘‘ ویکسین لی تھی ۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں کہا ہے کہ ہر کسی کو محفوظ رہنے ہوگا اور کورونا کی ٹیکہ اندازی کو مکمل کرنا ہوگا ۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے عائد کردہ قواعد کی پابندی کی جانی چاہیئے ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے آپ تمام سے محبت ہے اور امید کرتی ہوں کہ آپ محفوظ رہنے کیلئے کورونا کے قواعد کی پابندی کرنے کے علاوہ ٹیکہ بھی لیں گے ۔ اس وقت بالی ووڈ کی کئی اداکارئیں کورونا سے متاثر ہیں ۔