ٹی آر ایس اور مجلس پر بوگس ووٹنگ کا الزام

   

محبوب نگر۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی کانگریس کے ترجمان جناب حنیف احمد نے مستقر محبوب نگر کے تمام بلدی حلقہ جات میں ہوئی رائے دہی کے دوران ٹی آر ایس اور مجلس کی جانب سے بوگس ووٹنگ کا الزام لگاتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بلدیہ محبوب نگر کے تمام 49 وارڈز میں حقیقی رائے دہی 45 تا50 فیصد بھی نہیں ہوئی۔ رائے دہی کے آغاز سے ہی یہ دونوں جماعتیں مسلسل بوگس ووٹنگ پر اُتر آئیں یہاں تک کہ انتقال کرجانے والے اور ملک سے باہر رہنے والوں کے ووٹوں کو بھی تلبیس شخصی کا ارتکاب کرکے استعمال کرلیا گیا۔ ریاستی ترجمان نے الزام لگایا کہ یہ پہلے سے تیار کردہ منصوبہ کے تحت بیرونی افراد کو طلب کرکے بوگس ووٹنگ کروائی گئی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ جب تک آج کی رائے دہی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں کی جاتیں اس وقت تک نتیجہ کا اعلان نہ کیا جائے ورنہ کانگریس احتجاج پر اُتر آئے گی۔