ٹی آر ایس حکومت کیخلاف تحقیقات کیلئے بی جے پی کو چیلنج

   

مرکزی وزراء الزام تراشی کے بجائے کارروائی کریں: مانکیم ٹیگور
حیدرآباد : جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور کرپشن کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانکیم ٹیگورنے کہا کہ بی جے پی بلدی انتخابی مہم میں فائدہ کیلئے ٹی آر ایس پر کرپشن کے الزامات عائد کر رہی ہے ۔ حالانکہ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار ہے اور وہ حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرسکتی ہے۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ مانکیم ٹیگور نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ اور ان کے ساتھی غیر اخلاقی طریقہ کار اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو الزام تراشی کے بجائے حکومت کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، سی بی آئی یا کسی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کو تحقیقات کا حکم دینا چاہئے ۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ دراصل بی جے پی اور ٹی آر ایس میں خفیہ مفاہمت ہے۔ دہلی میں دوستی اور حیدرآباد میں کشتی کی پالیسی میں دونوں عمل پیرا ہیں۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ حیدرآباد کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے والے مرکزی وزراء ٹی آر ایس کے کرپشن کے بارے میں بات کر رہے ہیں لیکن وہ تحقیقات کیلئے تیار نہیں۔