ٹی آر ایس رکن اسمبلی رمیش کی شہریت کی تنسیخ

   

وزارت اُمور داخلہ کے تازہ احکام جاری، ارباب مجاز کو گمراہ کرنے پر کارروائی
نئی دہلی۔/20 نومبر، ( پی ٹی آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کو ایک تازہ حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ٹی آر ایس رکن اسمبلی چنما نینی رمیش کی جانب سے حقائق کی پردہ پوشی پر ان کی ہندوستانی شہریت کی منسوخی کیلئے تازہ احکام جاری کئے ہیں۔ہندوستانی شہریت کے حصول کیلئے ان کی درخواست پر کارروائی کی ابتدائی 12 ماہ کی مدت کے دوران دوروں سے یہ مسئلہ تعلق رکھتا ہے۔ وزارت امور داخلہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنے حکمنامہ میں کہا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے اس ضمن میں مختلف پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا ہے کیونکہ چنما نینی رمیش موجودہ رکن اسمبلی ہیں اور ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور نہ ہی ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہے۔ وہ کسی بھی نوعیت کی دہشت گردی، جاسوسی ، سنگین نوعیت کے منظم جرائم یا جنگی جرائم جیسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں۔ وزارت داخلہ کے حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’ ان کی غلط نمائندگی؍ حقائق کی پردہ پوشی کے ذریعہ حکومت ہند کو ابتدائی فیصلہ کرنے کے ضمن میں گمراہ کرنے پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے درخواست دینے سے قبل ابتدائی ایک سال تک ہندوستان میں قیام نہیں کیا تھا تو اس وزارت کے ارباب مجاز انہیں شہریت منظور نہ کئے ہوتے۔‘‘