آج ملک گیر یوم احتجاج ۔ سی جے پی کا اعلان ‘ پرامن مظاہروں کی اپیل

,

   

جنتر منتر پر سکیوریٹی انتظامات کو سخت کردیا گیا ۔ بات چیت کیلئے وزراء کے گھر یا دفتر نہیں آسکتے ۔ نیوٹرل مقام پر بات چیت کی سی جے پی کی تجویز

نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) کاکروچ جنتا پارٹی نے امتحانات سے متعلق مسائل کے خلاف جاری تحریک کے دوران پولیس کارروائی کے خلاف احتجاج میں کل جمعہ کو ملک گیر احتجاجی دن منانے کا اعلان کیا ہے ۔تنظیم نے طلبہ، حامیوں و سول سوسائٹی کے گروپوں سے ملک کے تمام اضلاع میں پرامن مظاہرہ کی اپیل کی ہے ۔ سوشل میڈیا پر ہر ضلع، ایک دن، ایک مانگ نعرے کے ساتھ اپیل جاری کرتے ہوئے تنظیم نے شرکا سے مقررہ مقامات پر جمع ہونے ، مطالبات کو عوامی طور پر پڑھنے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو میمورنڈم سونپنے کی اپیل کی ۔ اس مہم کو ہموار بنانے سی جے پی نے ایک معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی)، تشہیری مواد اور ایک ماڈل میمورنڈم جاری کیا ہے ۔ اس نے مقامی کوآرڈینیٹرز کو ضروری اجازتیں لینے ، طلباء یونینوں اور ہم خیال تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور یہ یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے کہ مظاہرے مکمل طور پر پرامن رہیں۔سی جے پی کا یہ ملک گیر اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ جاری ہے ۔ مظاہرین نیٹ ۔ یو جی 2026 سمیت مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائی ، امتحانی نظام میں اصلاحات اور وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حکام نے جمعرات کو جنتر منتر کے آس پاس سکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار رکھے ۔ دہلی پولیس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات رہے ، جبکہ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے مسلسل دوسرے دن صبح 7:30 بجے سے اگلے حکم تک 16 میٹرو اسٹیشنوں کو بند رکھا۔ متاثرہ اسٹیشنوں میں راجیو چوک، منڈی ہاؤس، سنٹرل سکریٹریٹ اور سپریم کورٹ اسٹیشن شامل ہیں۔ بات چیت شروع کرنے کی نئی کوششوں کے باوجود مظاہرین اور مرکز کے درمیان تعطل برقرار رہا۔مرکزی وزیر جتنـدر سنگھ نے کہا کہ حکومت طلباء نمائندوں سے بات چیت کیلئے تیار ہے اور چہارشنبہ سے اب تک بات چیت کیلئے چار دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا بغیر کسی وقت کی حد کے سی جے پی قیادت سے ملنے دستیاب ہیں۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ یہ طلبہ کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے ۔ میں تمام لوگوں سے بات چیت کیلئے آگے آنے کی اپیل کرتا ہوں۔تاہم، سی جے پی نے مرکزی وزیرِ صحت کی رہائش گاہ یا دفتر میں ملاقات کی حکومت کی تجویز کو مسترد کر دیا۔جنتر منتر پر مظاہرین سے خطاب میں سی جے پی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے کہا کہ تنظیم نے کوئی بھی بات چیت یا تو مظاہرہ کے مقام پر یا پاس میں کسی باہمی اتفاق سے طے شدہ غیر جانبدار جگہ پر منعقد کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ مسٹر رانکا نے کہا کہ وزراء نے کہا کہ وہ عوام کے غصے کی وجہ سے جنتر منتر نہیں آ سکتے ۔ ہم نے میٹنگ کیلئے غیر جانبدار جگہ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم تبھی بات چیت کرے گی جب حکومت کوئی ٹھوس حل پیش کرنے تیار ہو ۔ ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ٹھوس تجویز کے بات چیت کا کوئی جواز نہیں ہے ۔اس سے پہلے صبح کے وقت وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دہرایا کہ ملک کے نوجوانوں کے مفادات کی حفاظت کرنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپر لیک اور دیگر دھاندلی کیلئے ذمہ دار لوگوں کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیرِ اعظم نے امتحانی پیپر لیک سے جڑے معاملات کی تیزی سے سماعت اور سخت سزا یقینی بنانے کیلئے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کا بھی اعلان کیا۔