ٹی آر ایس نے ہر موقع پر مرکزی حکومت کی تائید کی ۔ زرعی بل پر مخالفت مگر مچھ کے آنسو

   

گاندھی بھون میں کور کمیٹی کا اجلاس۔ نئے انچارچ مانیکم ٹیگور کا خطاب 28 ستمبر کو زرعی بل کے خلاف گورنر کو یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری مانیکم ٹیگور نے گاندھی بھون میں کور کمیٹی اجلاس طلب کرکے ریاست کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی جائزہ لیا۔ مرکز کے مخالف کسان زرعی بل کے خلاف 28 ستمبر کو راج بھون پہنچ کر گورنر کو یادداشت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے زرعی بل کی مخالفت کو مگر مچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے جتنے بھی بل پیش کئے ہیں اس کی ٹی آر ایس نے تائید و حمایت کی ہے۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ کانگریس قائدین ٹیم ورک کرکے پارٹی کو مستحکم کرنے اور انتخابات میں کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں۔ وہ ہمیشہ قائدین کیلئے دستیاب رہیں گے اور ہر ماہ دو مرتبہ کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے موجودہ حالت اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ڈسپلن ہی استحکام ہے، ڈسپلن شکنی کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹیگور نے 2 اکٹوبر کو ریاست بھر میں یوم کسان مزدور منانے اور منڈل سطح تک پروگرامس کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا۔ 2 تا 31 اکٹوبر زرعی بل کے خلاف کسانوں اور زرعی مزدوروں سے 2 کروڑ دستخطیں حاصل کرنے کا کانگریس نے پروگرام دیا ہے اور اس کو تلنگانہ میں بھی کامیاب بنانے کا مشورہ دیا۔ کسانوں کے حق میں اضلاع اور منڈل سطح پر احتجاجی پروگرامس کو کامیاب بنانے کی ہدایت دی۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ سونیا گاندھی کی قربانیوں اور کانگریس کی وجہ علحدہ تلنگانہ تشکیل پایا ہے۔