چھاونی نادعلی بیگ بلدی حلقہ میں پارٹی پرچم کشائی
حیدرآباد۔ /28 اپریل، ( پریس نوٹ ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی ( ٹی آر ایس ) کے یوم تاسیس کے موقع پر اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے بلدی ڈیویژن چھاؤنی ناد علی بیگ میں ٹی آر ایس پارٹی کی پرچم کشائی ٹی آر ایس ملک پیٹ انچارج اعظم علی خرم کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر ڈیویژن کے صدر حیات حسین حبیب کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اعظم علی خرم نے پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچیس سالوں کی عظیم تاریخ ہے ٹی آر ایس کے قیام کی جس میں پارٹی نے اپنے سیکولر اقدار کو کبھی فراموش نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی اور ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتوں کی تمام کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔ ایک بھی فرقہ وارانہ فساد تلنگانہ میں پیش نہیں آیا حالانکہ فرقہ پرست طاقتیں مسلسل اس بات کے لئے کوشاں ہیں مگر وہ ناکام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کو عملی جامہ پہنانے کا کام پورے ہندوستان میں ٹی آر ایس پارٹی نے ہی کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ ترقی کی ان بلندیوں پر گامزن ہے جس کی مثال سارے ہندوستان میں کسی اور مقام پر نہیں ملتی ہے۔ حیات حسین حبیب نے کہا کہ تلنگانہ آج ساری دنیا کیلئے آپسی بھائی چارگی مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ تال میل کی ایک شاندار مثال بنی ہوئی ہے۔ عیدوں اور تہواروں کے موقع پر تمام مذہب کے ماننے والوں کا احترام کرتے ہوئے ان کی خوشیوں میں حکومت کا شامل ہونا فرقہ پرست طاقتوں کے منہ پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔ ٹی آر ایس اور کے سی آر زندہ باد کے نعروں کے بیچ اس پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔