چیف منسٹر سے بی فارم حاصل کیا ، نکلس روڈ پر آنجہانی والد اور گن پارک پر تلنگانہ کے شہیدوں کو خراج پیش کیا
حیدرآباد :۔ گریجویٹ کے کونسل حلقہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر ٹی آر ایس کی امیدوار سرابی وانی دیوی نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے سی آر نے متحدہ اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر کی نمائندگی کرنے والے وزراء ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کا پرگتی بھون میں اجلاس طلب کیا اور پارٹی کے تمام قائدین کی موجودگی میں سرابی وانی دیوی کو بی فارم حوالے کیا اور پارٹی کے تمام قائدین کو تلنگانہ کے سپوت سابق وزیراعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی دختر کو بھاری ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹر نے پارٹی کے وزراء پر زور دیا کہ اس مرتبہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر گریجویٹ حلقہ پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہونا چاہئے ۔ پارٹی کے تمام قائدین گھر گھر پہونچکر گریجویٹس سے ملاقات کریں ۔ حکومت کے فلاحی ، ترقیاتی و تعمیراتی کاموں سے انہیں واقف کرائیں ۔ اس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت کے خلاف کی جانے والی جھوٹی تشہیر کا منھ توڑ جواب دیں ۔ بی فارم حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس کی امیدوار جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس پہونچکر ریٹرینگ آفیسر پرینکا الاکو سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ اس موقع پر وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل بھی موجود تھے ۔ پرگتی بھون پہونچنے سے قبل وانی دیوی پی وی نرسمہا راؤ گھاٹ پہونچکر اپنے آنجہانی والد کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ بعد ازاں یادگار شہیدان پہونچ کر انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، وزراء ٹی سرینواس یادو ، نرنجن ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، کے ٹی آر ، محمد محمود علی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔