ٹی آر ایس کی لوک سبھا کے 16 حلقوں سے کامیابی یقینی

   

سروے رپورٹ پر کے ٹی آر کا ٹوئیٹر پر اظہار مسرت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کی شاندار کامیابی کی پیش قیاسی اور ایک قومی نیوز چینل کی سروے رپورٹ کا ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے راما راؤ نے خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کا ڈھول ابھی سے بجنے لگا ہے ۔ انہوں نے سوشیل نٹ ورکنگ سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی 16 حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور سروے بھی اپنی رپورٹ میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت حاصل ہونے کی بات بتا رہے ہیں ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارگزار صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کے ٹی آر ان دنوں پارٹی کیڈر سے قریب ہونے کی کوشش کے ساتھ ساتھ تنظیمی سرگرمیوں میں بہت زیادہ مصروف ہوچکے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ کے ذریعہ پی ایس ایل وی سی 44 کے کامیاب تجربہ پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ۔ ساتھ ہی معروف تلگو فلم اسٹار رام چرن کی بیوی اپاسنا کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ داروں کے مواقع کی تشہیر پر مسرت کا اظہار کیا ۔ ڈاوس میں جاری عالمی معاشی اجلاس میں لگائے گئے تلنگانہ کے اسٹال پر فلم اسٹار کی بیوی موجود تھیں ۔ جنہوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے سرمایہ داروں کو واقف کروایا ۔۔