دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات، رنگا ریڈی ضلع میں ٹی آر ایس کو بھاری نقصان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کو آج رنگا ریڈی ضلع میں اس وقت جھٹکہ لگا جب بڈنگ پیٹ میونسپل کارپوریشن کی میئر سی پاریجاتا نرسمہا ریڈی نے دیگر دو کارپوریٹرس کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ نئی دہلی میں اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے میئر اور کارپوریٹرس کا کانگریس پارٹی میں استقبال کیا۔ میئر کے علاوہ بڈنگ پیٹ ڈیویژن 20 کے کارپوریٹر سدرشن ریڈی اور ڈیویژن 23 کارپوریٹر سرینواس ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ راہول گاندھی نے میئر اور کارپوریٹرس کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے ضلع رنگا ریڈی میں کانگریس پارٹی مستحکم ہوگی۔ اے آئی سی سی سکریٹریز ومشی چند ریڈی ، سرینواس کرشنن اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے میئر اور کارپوریٹرس کو کانگریس کا کھنڈوا پہنایا اور کہا کہ شہری علاقوں کے مسائل کے حل میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ شہروں اور ٹاؤنس میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے ۔ 2004 ء سے 2014 ء تک عوام سے کئے گئے وعدے فراموش کردیئے گئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں کانگریس کا اہم رول ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ ، انٹرنیشنل ایرپورٹ ، ایکسپریس ہائی وے اور آئی ٹی کے ادارے کانگریس دور میں قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں معمولی بارش کے ساتھ ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی نے عوامی مسائل پر جدوجہد کی ہدایت دی ہے ۔ بی جے پی قومی عاملہ کے اجلاس کے موقع پر بی جے پی اور ٹی آر ایس میں ملی بھگت ثابت ہوچکی ہے۔ میئر پاریجاتا ریڈی نے کہا کہ وہ سابق میں کانگریس سے منتخب ہوکر علاقہ کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئی تھی لیکن حکومت نے ترقی کو نظر انداز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کے استحکام کیلئے مساعی کریں گی۔ر