کسانوں کے مسائل کو مرکز سے واقف کرانے پر زور دیا ، وفد کی کے ٹی آر نے قیادت کی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ایک وفد نے راج بھون پہونچ کر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ دھان کی خریدی کے معاملے میں تلنگانہ کسانوں کے مسائل کو مرکز سے رجوع کرنے اور مرکزی حکومت کو اس مسئلہ پر وضاحت کرانے پر زور دیا ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے وفد کی قیادت کی وفد میں ریاستی وزرا نرنجن ریڈی ، ہریش راؤ ، محمد محمود علی ، اندرا کرن ریڈی ، سرینواس گوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی ، ستیہ وتی راتھوڑ ، کے ایشور ، بی اجئے کمار کے علاوہ دوسرے شامل تھے ۔ بعد ازاں ٹی آر ایس کے قائدین نے کہا کہ مہادھرنا کا اہتمام کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے کسانوں کے مسائل پر اپنے موقف سے مرکزی حکومت کو واقف کرایا ہے ۔ مرکزی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے تلنگانہ حکومت کو احتجاج کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ حکومت نے زرعی شعبہ کو ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کی زرعی پالیسیوں سے کسان پوری طرح مطمئن ہیں ۔ بحیثیت گورنر تلنگانہ آپ کیلئے یہ اطمینان بخش بات ہے ۔ تلنگانہ حکومت ہر معاملے میں مرکزی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ۔ مگرمرکزی حکومت ہر مسئلہ پر کسانوں کو غیر یقینی صورتحال کا شکار بنا رہی ہے ۔ کسانوں کے مفادات اور فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے والی تلنگانہ حکومت انہیں نقصان پہونچتا ہے تو بڑی سے بڑی لڑائی لڑنے کے لیے بھی تیار رہے گی ۔۔ ن