ٹی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے کورونا ویکسین کا دوسرا ڈوز لیا

   

حیدرآباد: اسمبلی حلقہ جگتیال کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے آج کورونا ٹیکہ کا دوسرا ڈوز لیا۔ گزشتہ 25 جنوری کو پرائیویٹ ڈاکٹرس کوٹہ میں ڈاکٹر سنجے کمار نے کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز لیا تھا۔ ایک ماہ بعد آج انہوں نے دوسرا ڈوز لیا ۔ بعدازاں رکن اسمبلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیکہ کے بارے میں عوام کو شکوک و شبہات کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کورونا ٹیکہ کا پہلا ڈوز ایک ماہ قبل لیا تھا۔ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور آج انہوں نے ضلع جگتیال ہیڈکوارٹر کے سرکاری ہاسپٹل پر دوسرا ڈوز لیا اور کہا کہ بحیثیت رکن اسمبلی عوام میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ڈر و خوف دور کرنے ٹیکہ لیا ہے اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بلاخوف و جھجک کورونا کا ٹیکہ حاصل کریں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں 16 جنوری سے ٹیکہ اندامی مہم کا آغاز ہوا ہے۔ پہلے مرحلے میں ہیلت ورکرس کو ٹیکہ دیا گیا۔ 25 جنوری سے خانگی ہیلت ورکرس کو ٹیکہ دیا گیا۔ ڈاکٹر سنجے کورونا ٹیکہ لینے والے پہلے رکن اسمبلی ہیں۔