ٹی آر ایس 60 لاکھ ارکان خاندان پر مشتمل ، چیف منسٹر اسکے سربراہ

,

   

مختلف حادثات میں ہلاک 80 پارٹی ارکان کے ورثا میں انشورنس کی رقم تقسیم: کے ٹی آر

حیدرآباد ۔ 4 اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے 60 لاکھ ارکان خاندان ہیں جس کے سربراہ چیف منسٹر کے سی آر ہیں۔ خاندان کے ہر رکن کا پارٹی خاص خیال رکھے گی۔ کے ٹی آر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے 80 پارٹی کارکنوں کے ارکان خاندان میں فی کس 2 لاکھ روپے کی انشورنس رقم تقسیم کی اور انہیں حوصلہ دیا اور ساتھ میں لنچ کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ بھون پہنچنے والے 80 خاندانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پہنچنے والوں میں کسی کا شوہر کسی کا بھائی کسی کا بیٹا ہم سے جدا ہوگئے ہیں۔ مگر ٹی آر ایس پارٹی ان کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہے گی۔ کئی خاندانوں نے بچوں کی اچھی تعلیم ، گھر ، ملازمت نا ہونے کے علاوہ دوسرے مسائل سے واقف کروایا ہے۔ جس کو نوٹ کرلیا گیا ہے ان کے بچوں کو ریسڈنشیل اسکولس میں تعلیم دلوائی جائے گی اس کے علاوہ ملازمتوں اور پنشن نہ ملنے کی شکایتیں کی گئی ہیں، ان سب کو نوٹ کرلیا گیا ہے۔ آئندہ 15 دن میں ان مسائل کو حل کرانے کی پارٹی ذمہ داری قبول کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے 18 کروڑ روپے سے زیادہ انشورنس کا پریمیم ادا کیا جارہا ہے۔ تاحال 950 پارٹی قائدین اور کارکن مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ مہلوکین کے ورثاء کا خیال رکھنا پارٹی کے جنرل سکریٹریز اور ارکان اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ وہ اس ہفتہ تمام مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔