نئی دہلی۔ 10 جون (ایجنسیز) ترنمول کانگریس اور کانگریس کے درمیان ممکنہ انضمام کی خبروں کے درمیان ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر سے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے ان افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے انضمام سے متعلق گردش کرنے والی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ ٹی ایم سی اور کانگریس کے درمیان انضمام کی افواہیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ ان کے بقول حالیہ ملاقاتوں کے دوران اس موضوع پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور آئی۔ سیاسی حلقوں میں ان افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی سے نئی دہلی میں ان کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے تک تبادلہ خیال ہوا۔ اس ملاقات سے ایک روز قبل بھی دونوں رہنما انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں ملے تھے۔ اسی دوران لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور ابھیشیک بنرجی کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔ ممتا بنرجی، سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور ابھیشیک بنرجی کی ان ملاقاتوں کے بعد سیاسی مبصرین نے کانگریس اور ترنمول کانگریس کے تعلقات میں ممکنہ پیش رفت کے امکانات پر بحث شروع کر دی، جس سے انضمام کی افواہوں کو مزید تقویت ملی۔ ادھر ممتا بنرجی کی یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترنمول کانگریس کو مغربی بنگال میں سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے بعد پارٹی کے اندر اختلافات اور ناراضی کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ بعض ارکان اسمبلی کے درمیان اختلاف رائے کی اطلاعات کے بعد اب کچھ ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے قومی جمہوری اتحاد کی حمایت کے اعلانات نے بھی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم ابھیشیک بنرجی کے تازہ بیان کے بعد ترنمول کانگریس اور کانگریس کے انضمام سے متعلق قیاس آرائیوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حالیہ ملاقاتوں کا مقصد سیاسی رابطوں کو برقرار رکھنا تھا اور انضمام کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
ابھیشیک بنرجی کی سونیا، راہول سے ملاقات
نئی دہلی، 10 جون (یو این آئی) ترنمول کانگریس اور کانگریس کے درمیان بڑھتے سیاسی مکالمے کے درمیان ٹی ایم سی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے آج یہاں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کی۔سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملنے پہنچے ابھیشیک بنرجی کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر ڈیرک او برائن بھی موجود تھے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں ٹی ایم سی لیڈرز 10 جن پتھ پہنچے ، جہاں مغربی بنگال اور قومی سیاست کے موجودہ واقعات کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی یکجہتی کو مضبوط کرنے کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کی گاندھی خاندان سے یہ ملاقات ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی سونیا گاندھی سے ملاقات کے ایک دن بعد ہوئی۔ سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد ممتا بنرجی کولکتہ واپس لوٹ گئی ہیں۔دریں اثنا ترنمول کانگریس میں بغاوت کی خبروں کے تعلق سے سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہوگئی ہے ۔