ٹی وی آرٹسٹ امرین بٹ کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا

   

دہشت گردوں کی فائرنگ میں ٹی وی آرٹسٹ کا بھتیجہ بھی زخمی

سری نگر: جموں و کشمیر میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر شہریوں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں نے ٹی وی آرٹسٹ امرین بٹ کو ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ان کا بھتیجا بھی زخمی ہوا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے مطابق صبح تقریباً آٹھ بجے دہشت گردوں نے چاڈورہ علاقے میں امرین بٹ نامی خاتون کے گھر پر فائرنگ کی جس کے بعد امبرین کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ امبرین کے 10 سالہ بھتیجے کو جو گھر میں اس وقت موجود تھا، اس کے ہاتھ پر گولی لگی۔ اطلاع کے مطابق پولیس نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر کے تین دہشت گرد ملوث ہیں۔ علاقہ کو گھیرے میں لے کر تلاش شروع کردی گئی ہے۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات جاری ہیں۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے امبرین کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل منگل کو سری نگر کے سورا علاقے میں دہشت گردوں نے ایک پولیس کانسٹبل کو اس کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ اس دوران ان کی سات سالہ بیٹی بھی زخمی ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے کانسٹبل سیف اللہ قادری پر اس وقت گولی چلائی جب وہ اپنی بیٹی کو ٹیوشن کیلئے چھوڑنے جارہے تھے۔ دہشت گردوں نے اس سے قبل 13 مئی کو پلوامہ میں پولیس کانسٹبل ریاض احمد کو ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اسی دوران، اس سے ایک دن پہلے 12 مئی کو دہشت گردوں نے بڈگام میں سرکاری ملازم راہول بھٹ کو اس کے دفتر میں گھس کر ہلاک کردیا تھا۔