ٹی ٹی پی اورالقاعدہ کے چار قائدین عالمی دہشت گرد قرار

   

واشنگٹن : امریکہ نے تحریک طالبان پاکستان اور برصغیر میں القاعدہ کے چار قائدین کو جمعرات کے روز عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔ واشنگٹن نے افغانستان میں بڑھتے ہوئے خطرات کے مدنظر ان کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جمعرات کے روز جاری ایک حکم نامہ کے تحت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دوسرے سب سے بڑے قائد مفتی دروجی، جو قاری امجد کے نام سے مشہور ہیں، کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔ گزشتہ 15برسوں سے پرتشدد کارروائیوں میں مصروف ٹی ٹی پی نے گزشتہ برس افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد سے اپنی سرگرمیاں کافی تیز کر دی ہیں۔ امریکی عہدیداروں کے مطابق قاری امجد پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے آپریشنز اور عسکریت پسندوں کی نگرانی کے ذمے دار ہیں۔