ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان

   


ایشان کشن ، راہول تیواتیا اور سوریہ کمار کو ملا موقع

ممبئی : انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ہندستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں وکٹ کیپر ایشان کشن کو موقع ملا ہے ، وہیں ممبئی کے طوفانی بلے باز سوریہ کمار یادو کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ آل راونڈر راہول تیواتیا کو بھی ٹیم انڈیا میں منتخب کیا گیا ہے۔ ٹسٹ میچوں میں زبردست کارکردگی کے بعد ریشبھ پنت کی بھی ٹیم انڈیا میں واپسی ہوئی ہے۔ ٹی 20 سیریز کیلئے جسپریت بومرا کو آرام دیا گیا ہے ، ان کی جگہ بھونیشور کمار کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ تاہم ، سنجو سیمسن کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ سنجو نے سات ٹی ٹوئنٹی میچوں میں معمولی اوسط سے 83 رن ہی بنائے ہیں ، جس کی وجہ سے سلیکٹرس نے ایشان کشن کو موقع دیا ہے۔ علاوہ ازیں ’چائنا مین‘ گیند باز کلدیپ یادو کو بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ چوٹ کی وجہ سے آسٹریلیا ٹور سے باہر ہوئے ورون چکرورتی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اکشر پٹیل کی بھی ٹی ٹوئنٹی میں واپسی ہوئی ہے۔ لیگ اسپینر راہول چاہر اور کرونال پانڈیا اس ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ بہترین ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کے باوجود منیش پانڈے کو بھی ٹیم سے باہر کا راستہ دکھادیا گیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ سیریز کے بعد پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی جانے والی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سبھی میچ احمد آباد کے موٹیرا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 12 مارچ کو ہوگا۔ دوسرا میچ 14 مارچ ، تیسرا میچ 16 مارچ ، چوتھا میچ 18 مارچ اور پانچواں میچ 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 23 مارچ سے تین میچوں کی ونڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی۔