ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے دھونی کو راضی کرنا مشکل :روہت

   

نئی دہلی ۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم انڈیا کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔ تاہم اس حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ کون سا کھلاڑی منتخب ہوگا اور کون نہیں۔ دریں اثنا، ایم ایس دھونی کو ٹی20 ورلڈکپ کے لیے راضی کرنے سے متعلق ایک خبر بھی سامنے آئی ہے۔ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے دھونی کو ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے راضی کرنے پر بیان دیا۔ اس دوران انہوں نے دنیش کارتک کے حوالے سے بھی اپنی رائے واضح کی۔ ورلڈ کپ کے امکانات کے پیش نظر روہت شرما نے ایک یوٹیوب چینل پر ایم ایس دھونی اور دنیش کارتک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ٹیم کے کپتان نے یوٹیوب چینل پرکہا کہ دھونی کوٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے ویسٹ انڈیز آنے پر راضی کرنا تھوڑا مشکل ہے لیکن دنیش کارتک کو راضی کرنا اتنا ہی آسان ہے۔ روہت شرما نے یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ دھونی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز آئیں گے یا نہیں۔ اس کے لیے انہیں قائل کرنا مشکل ہوگا لیکن وہ امریکہ آسکتے ہے، کیونکہ وہ گولف سے وابستہ ہے اور وہاں گولف بھی کھیل سکتا ہے۔ روہت نے مزید کہا کہ دھونی کے مقابلے دنیش کارتک کو سمجھانا آسان ہے۔