پائلٹ بے ہوش، طیارہ ایندھن ختم ہونے پر گرکر تباہ

   


برلن۔ اسپین سے جرمنی جانے والا نجی طیارہ بے ترتیب اڑان بھرتے ہوئے بالٹک کے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جب کہ کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد سے جہاز آٹو موڈ پر تھا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پرائیوٹ طیارہ نے جنوبی اسپین سے جرمنی کے شہر کولون کے لیے پائلٹ، ایک مرد، ایک عورت اور ایک بچے ساتھ پرواز بھری تھی تاہم تھوڑی دیر بعد ہی طیارے میں کیبن پریشر کے مسائل پیدا ہوگئے اور کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ رابطہ منقطع ہونے کے بعد سے طیارہ مشکوک انداز میں بے ترتیب اڑان اڑ رہا تھا اور اپنی منزل سے بھٹک گیا تھا اور ایندھن ختم ہونے تک مسلسل پرواز کرتے ہوئے بالٹک پہنچا اور سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔ سمندر میں گرنے سے قبل جہاز کی رفتار تبدیل اور وہ نہایت نچلی پرواز کر رہا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ کا ایندھن ختم ہوگیا تھا۔ طیارہ کے تباہ ہونے کی خبر پر حکام کا کہنا ہے کہ ناٹو کے جنگی طیاروں کو روانہ کیا گیا تاہم انہیں کسی بھی زندہ شخص کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔