چینائی۔مجوزہ 18ستمبر سے شروع ہونیوالے خصوصی پارلیمانی اجلاس کو بھارتیہ جنتا پارٹی کا ”توجہہ ہٹانے کا حربہ“ قراردیتے ہوئے تمل ناڈوچیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ ہندوستان سی اے جی رپورٹ اور منی پور تشدد پر توجہہ دے۔ ایکس پر اسٹالن نے پوسٹ کیاکہ ”جیسا کہ ہم 18ستمبر سے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ وقت متحد ہونے او رزبردست دباؤ ڈالنے کا وقت ہے۔
مضبوط کھڑے ہوں اوراپنی آواز کو بلند کریں اور ہمارے انڈیا اتحادیوں کے ساتھ ملکر منی پور تشدد اور سی اے جی رپورٹ میں پیش کی گئی بے قاعدگیوں جیسے اہم مسائل کو ترجیح دیں۔
ہم سب ملک کر بی جے پی کو شکست دے سکتے ہیں اور ہماری عظیم جمہوری ملک کے ساتھ انصاف کو یقینی بناسکتے ہیں“۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 18ستمبر سے شروع ہوگا او ربعد میں 19ستمبر کے روز گنیش چتروتی کے موقع پر اس کو نئی عمارت میں منتقل کردیاجائے گا۔ مرکز نے 18ستمبر سے 22ستمبرتک پارلیمنٹ کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیاہے۔
اس سے قبل پا رلیمانی امور کے وزیر پرہلادجوشی نے 18ستمبر سے 22ستمبر تک پارلیمنٹ کے پانچ روزہ خصوصی اجلاس کے بارے میں جانکاری دی تھی۔ تاہم خصوصی اجلاس کا ایجنڈہ اب تک سامنے نہیں آیاہے۔
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس کو حال ہی میں اختتام پذیر ہوا تھا وہ پارلیمنٹ کی قدیم عمارت میں منعقد ہوا تھا۔
ایک ایسے وقت میں جب سیاسی جماعتیں ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تیاری کررہے ہیں اس طرح کاخصوصی اجلاس طلب کرنا سیاسی حلقوں میں تشویش کا سبب بن رہا ہے۔