پارلیمنٹ کا مانسون سیشن اگست یا ستمبر میں متوقع

,

   

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے سبب شیڈول کو قطعیت نہیںد ی گئی
نئی دہلی : حکومت پارلیمنٹ کا مانسون سیشن اگست کے آخری ہفتہ یا ستمبر کے پہلے ہفتہ سے شر وع کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے جس میں ارکان کارروائی کے دوران بہ نفس نفیس موجود رہ سکیں۔ ذرائع نے چہارشنبہ کو کہا کہ کوروناوائرس کے بڑھتے کیسوں کے تناظر میں ابھی کوئی بھی چیز کو قطعیت نہیں دی گئی ہے اور یہ صراحت کرنا مشکل ہیکہ سیشن کا انعقاد سماجی اور جسمانی فاصلہ کا لحاظ رکھتے ہوئے کیا جائے گا یا نہیں۔ حکومتی ذرائع نے کہا کہ سیشن کی طوالت اور اسے کس طرح منعقد کیا جائے، اس کا انحصار سیشن کی شروعات کے وقت کی صورتحال پر رہے گا۔ ویسے بھرپور سیشن منعقد کرنے کا ارادہ ہے۔ مختلف آرڈیننس ہیں جنہیں پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا ہے اس لئے سیشن کی طوالت معمول کے مطابق ہوگی۔ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن یقینی طور پر 22 ستمبر سے قبل شروع ہوجائے گا کیونکہ دو سیشنس کے درمیان 6 ماہ سے زیادہ کا وقفہ نہیں ہوسکتا ہے۔ سینئر حکومتی عہدیدار کا یہ بیان پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے پس منظر میں ہے جو 23 مارچ کو قبل از وقت غیرمعینہ مدت کیلئے ختم کردیا گیا تھا حالانکہ اسے 3 اپریل کو اختتام پذیر ہونا تھا۔ پارلیمانی سیشن کے انعقاد کی جگہ پر بھی مختلف زایوں سے غور کیا جارہا ہے۔